Newchecker.in is an independent fact-checking initiative of NC Media Networks Pvt. Ltd. We welcome our readers to send us claims to fact check. If you believe a story or statement deserves a fact check, or an error has been made with a published fact check
Contact Us: checkthis@newschecker.in
Fact Check
انڈیگو فلائٹ میں گھبراہٹ کے شکار مسلمان مسافر کو ہندو مسافر نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
دونوں ہی مسافروں کا تعلق مسلمان برادری سے ہے۔
سوشل میڈیا پر انڈیگو فلائٹ میں گھبراہٹ کے شکار مسلمان مسافر کو پرواز کے دوران ایک دوسرے مسافر کی جانب سے تھپڑ رسید کرنے کی ایک ویڈیو خوب گردش کر رہی ہے۔ صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ مذہبی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
ویڈیو کے ساتھ ایکس صارف نے لکھا ہے “بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ حالیہ ویڈیو میں ایک ہندو شخص دورانِ پرواز ایک ذہنی مریض مسلمان کو تھپڑ مارتا ہے، جس سے وہ پینک اٹیک میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ جینوسائڈ واچ کے مطابق بھارت نسل کشی کے دہانے پر ہے، اور مودی حکومت و میڈیا اس نفرت کو ہوا دے رہے ہیں”۔


آرکائیو لنک یہاں اور یہاں دیکھیں۔
ہم نے وائرل ویڈیو کے ساتھ کئے گئے دعوے کی تصدیق کے لئے چند کیورڈ تلاش کئے۔ اس دوران ہمیں این ڈی ٹی وی کی 2 اگست 2025 کی ایک رپورٹ ملی۔ جس کے مطابق متاثرہ مسافر کا نام حسین احمد مجومدار ہے۔ جو اصل میں آسام کے ضلع کچھار کا رہنے والا ہے۔ حملہ آور کا نام حفیظ الرحمٰن ہے۔ جسے کولکتہ ایئرپورٹ پر پولس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد پولس نے اسے چھوڑ بھی دیا تھا۔

حالانکہ متاثرہ مسافر کے حوالے سے پہلے خبر آرہی تھی کہ وہ لاپتہ ہے۔ لیکن رواں ماہ کی 3 تاریخ کی این ڈی ٹی وی کی ایک ویڈیو رپورٹ کے مطابق حسین احمد مجومدار علیل حالت میں اب مل گئے ہیں۔ جبکہ ملزم مسافر فی الحال پولس کی حراست میں ہے۔ اس حوالے سے دیگر میڈیا رپورٹس یہاں اور یہاں پڑھی جا سکتی ہیں۔
حالانکہ انڈیگو ایئرلائنز نے بھی اس معاملے سے متعلق اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ جس میں انڈیگو ایئرلائنز نے اس واقعے کی مذمت کی اور اس طرح کے رویے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ ایک اور پوسٹ میں انڈیگو نے مطلع کیا ہے کہ پروازوں میں اس طرح کے غیر اخلاقی رویے کی حوصلہ شکنی کے لئے اس کے عزم کے تحت مسافر پر انڈیگو کی کسی بھی پرواز میں پرواز کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

مزید تحقیقات کے دوران ہمیں مذکورہ واقعے سے متعلق بیدھا نگرپولس کی جانب سے ایکس پر شیئر کئے گئے پوسٹ موصول ہوئے۔ جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک اگست 2025 کو انڈیگو ایئرلائنز کی جانب سے دو مرد مسافروں کے بارے میں ایک شکایت موصول ہوئی جو ممبئی سے کولکتہ جانے والی پرواز 6ای-138 میں سفر کر رہے تھے۔ پرواز کے دوران دونوں میں آپسی تکرار ہوئی تھی۔ جس کے بعد (حفیظ الرحمٰن) نے دوسرے (حسین احمد مجومدار) کو تھپڑ رسید کردیا۔ مسافر کو انڈیگو کے کیبن کریو نے شرپسند قرار دیا اوراسے پولس کے حوالے بھی کر دیا۔ جس پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی سی پی ایئرپورٹ بیدھا نگر ایشوریہ ساگر نے نیوز چیکر کی ٹیم کے رنجے کمار کو بتایا کہ انڈیگو ایئرلائنز نے ممبئی سے کولکاتہ جانے والی پرواز 6ای138 کے دو مسافروں کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ “دونوں مسافروں کا تعلق اقلیتی برادری” سے ہے۔ نیتا جی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پولس اسٹیشن نے دفعہ 170 کے تحت گرفتار کیا اور دفعہ 126 کے تحت عدالت میں پیش کیا تھا۔
نیوز چیکر کی تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ انڈیگو فلائٹ میں گھبراہٹ کے شکار مسلمان مسافر کو ہندو مسافر کی جانب سے کئے گئے تشدد کا بتاکر شیئر کیا دعویٰ بےبنیاد ہے۔ اس واقعے کا مذہب یا فرقے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پولس اور انڈیگو ایئرلائنز نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ ذاتی تکرار کی بنیاد پر ہوا تھا۔ دونوں ہی مسافروں کا تعلق مسلمان برادری سے ہے۔
Sources
Reports published by NDTV and Times of India on 02,03 Aug 2025
X post by @IndiGo6E on 02 Aug 2025
X post by Bidhannagar Police on 02 Aug 2025