Fact Check
کیا شادی سے چند گھنٹے قبل دلہن کا سابق محبوب سے ملنے کا وائرل ویڈیو حقیقی ہے؟ یہاں پڑھیں پوری حقیقت
Claim
وائرل ویڈیو میں دلہن کو شادی سے چند گھنٹے قبل سابق محبوب سے ملتے دکھایا گیا ہے۔
Fact
وائرل ویڈیو ایک کنٹنٹ کریئٹر کی جانب سے بنایا گیا اسکرپٹڈ ویڈیو ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک نوجوان خاتون کو دلہن کے لباس میں ملبوس دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ خاتون اپنی شادی سے چند گھنٹے قبل ایک دوست کی مدد سے اپنے سابق محبوب (بوائے فرینڈ) سے آخری ملاقات کے لئے آئی ہے۔
ویڈیو کے ساتھ صارفین نے لکھا ہے “یہ لڑکی اپنی شادی سے دو گھنٹے پہلے آخری بار اپنے سابق محبوب سے ملنے آئی، یہی سچی محبت ہے”۔



آرکائیو لنک یہاں، یہاں اور یہاں دیکھیں۔
Fact Check/Verification
وائرل دعوے کی حقیقت جاننے کے لئے نیوز چیکر اردو نے ویڈیو کے مختلف فریمز کو ریورس امیج سرچ کیا۔ اس دوران معلوم ہوا کہ یہی ویڈیو 13 دسمبر 2025 کو ‘آرو ماوی’ نامی ایک بھارتی کنٹنٹ کریئٹر کے یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام پیج پر پہلے ہی اپلوڈ کی جا چکی ہے۔ تاہم ابتدائی پوسٹس میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ویڈیو حقیقی واقعے پر مبنی ہے یا اسکرپٹڈ۔
آرو ماوی کے انسٹاگرام پر اس ویڈیو کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، جہاں اسے 60 ملین سے زائد بار دیکھا گیا، جبکہ 2.1 ملین سے زیادہ صارفین نے ویڈیو کو پسند کیا ہے۔

مزید تحقیق کے دوران ہم نے کنٹنٹ کریئٹر کے انسٹاگرام پیج اور یوٹیوب چینل کا جائزہ لیا، جہاں متعدد ایسی ویڈیوز موجود پائی گئیں جو واضح طور پر اسکرپٹ شدہ معلوم ہوتی ہیں اور جن میں محبت، دھوکہ دہی اور جذباتی رشتوں کے موضوعات کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ آرو ماوی نے اپنے یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام کی تفصیل میں لکھا ہے ”دل ٹوٹنے کے درد کو لافانی کہانیوں میں بدلنا”۔ ساتھ ہی انہوں نے صارفین سے اپنی ذاتی کہانیاں شیئر کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

وائرل ویڈیو پر اٹھنے والے سوالات کے بعد ‘آرو ماوی’ نے ایک وضاحتی ویڈیو میں بتایا ہے کہ لوگ انہیں اپنی کہانیاں بھیجتے ہیں، جن سے متاثر ہو کر وہ مختلف مناظر تخلیق کرتا ہے۔ آرو کے مطابق دلہن والی ویڈیو بھی اسی طرز پر بنائی گئی تھی۔ آرو کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ ویڈیو اس قدر وائرل ہو جائے گی اور میڈیا ادارے بھی اسے حقیقی واقعہ سمجھ کر شائع کر دیں گے۔
ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا ”یہ کہانی سچے واقعات پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد صرف بیداری پھیلانا اور لوگوں کے جذبات کو محسوس کرنا ہے۔

Conclusion
نیوز چیکر کی تحقیقات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ شادی سے چند گھنٹے قبل سابق محبوب سے ملاقات کے دعوے کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو حقیقی واقعہ نہیں بلکہ اسکرپٹڈ کنٹنٹ ہے۔
FAQs
سوال: کیا وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا واقعہ حقیقی ہے؟
جواب: نہیں، یہ ویڈیو حقیقی واقعہ نہیں بلکہ اسکرپٹڈ ہے۔
سوال: یہ ویڈیو سب سے پہلے کہاں اپلوڈ کی گئی تھی؟
جواب: ویڈیو سب سے پہلے ہندوستانی کنٹنٹ کریئٹر آرو ماوی کے یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی تھی۔
سوال: لوگ اس ویڈیو کو حقیقی کیوں سمجھ رہے ہیں؟
جواب: ویڈیو کو جذباتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
Sources
Instagram post by @chalte_phirte098 on 13 Dec 2025
Instagram post by @chalte_phirte098 on 16 Dec 2025
Self Analysis