Newchecker.in is an independent fact-checking initiative of NC Media Networks Pvt. Ltd. We welcome our readers to send us claims to fact check. If you believe a story or statement deserves a fact check, or an error has been made with a published fact check
Contact Us: checkthis@newschecker.in
Fact Check
پنجاب کے سیلاب کی ویڈیو، جس میں ایک بچہ اپنی ماں کی لاش کو پانی سے نکال رہا ہے۔
یہ پنجاب کے سیلاب کی نہیں بلکہ ایک اسکرپٹیڈ ویڈیو ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک ننھا بچہ سیلابی ریلے کے بیچ اپنی ماں کی لاش کو پانی سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ متعدد صارفین نے اس ویڈیو کو “پنجاب میں حالیہ سیلاب” کا منظر بتاتے ہوئے شیئر کیا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ صارف نے لکھا ہے “پنجاب کے سیلاب کا المناک منظر۔ یہ معصوم بچہ اپنی ماں کی لاش کو پانی سے کھینچ کر لا رہا ہے۔ انسانیت لہولہان ہے آئیے، ان کی مدد کریں”۔


ہم نے سب سے پہلے وائرل ویڈیو کے چند فریموں کو گوگل ریورس امیج سرچ کیا۔ اس دوران ہمیں آشیش پٹیل نامی ایکس صارف کا ایک پوسٹ ملا، جس میں وائرل ویڈیو کے اسکرین شاٹ کا استعمال کیا گیا تھا۔ جس کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ “پیلی بھیت کے گاؤں بھوڑا مگرسا کی رہائشی آرتی گنگوار ایک ‘چھپری کریئٹر’ ہے جو سوشل میڈیا کے لئے ویڈیوز بنانے کے دوران اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور اس عمل سے معاشرے میں غلط افواہیں پھیلا رہی ہے”۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں پیلی بھیت پولس کو مخاطب کرتے ہوئے فوری کاروائی کا مطالبہ بھی کیا اور یاد دہانی کرائی کہ آرتی گنگوار ماضی میں بھی ‘بریلی کی شان’ کے خلاف نامناسب تبصرے کر چکی ہیں۔
اس شکایت کے جواب میں پیلی بھیت پولس نے باضابطہ ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے پر توجہ دی گئی ہے اور اس کے خلاف ابتدائی کاروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ پولس کے مطابق، تھانہ جہان آباد کے انچارج کو ضروری تحقیقات سونپی گئی ہیں تاکہ یہ معاملہ مزید واضح ہو اور ضرورت پڑنے پر قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جا سکے۔


وائرل کلپ سے ملتی جلتی ایک ویڈیو خود آرتی گنگوار نے اپنے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھنے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مناظر کسی حقیقی سانحے کے نہیں بلکہ محض تفریحی اور اسکرپٹڈ انداز میں فلمائے گئے ہیں۔
آرتی گنگوار ایک کنٹینٹ کریٹر ہیں جو باقاعدگی سے ایسی شارٹ ویڈیوز بناتی اور اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر شیئر کرتی ہیں۔ اسی ویڈیو کو بعد میں گمراہ کن دعوے کے ساتھ سیلاب اور ماں بیٹے کے دکھ بھرے منظر کے طور پر پیش کیا گیا، جس کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
مزید تصدیق کے لئے ہم نے جہان آباد، پیلی بھیت کے ایس ایچ او پردیپ کمار سے بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا نام آرتی گنگوار ہے، جو گاؤں بھوڑا مگرسا کی رہنے والی ہیں۔ ایس ایچ او نے کہا کہ بارش کے باعث گاؤں میں پانی بھر گیا تھا اور اسی دوران یہ ویڈیو محض دل بہلانے اور کھیل تماشے کے طور پر بنائی گئی تھی۔
بعدازاں اسے سیلاب کے سانحے سے جوڑ کر صارفین نے گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل کر دیا۔ ایس ایچ او نے مزید واضح کیا کہ اس خاتون کریئٹر کو انتباہ کر دیا گیا ہے اور ایسی ویڈیو نا بنانے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔
لہٰذا نیوز چیکر کی تحقیقات سے ثابت ہوا کہ یہ دعویٰ فرضی ہے۔ وائرل ویڈیو پنجاب میں سیلاب یا کسی حقیقی سانحے کی نہیں بلکہ ایک اسکرپٹیڈ (من گھڑت) منظر ہے۔ یہ ویڈیو تفریحی مقاصد کے لئے ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا تعلق کسی اصل واقعے یا انسانی المیے سے نہیں ہے۔
سوال 1. کیا یہ ویڈیو پنجاب کے سیلاب کی ہے؟
جواب: نہیں، یہ ویڈیو پنجاب کے حالیہ سیلاب سے متعلق نہیں ہے بلکہ ایک اسکرپٹیڈ ویڈیو ہے جو تفریحی مقاصد کے لئے بنائی گئی تھی۔
سوال 2. ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون کون ہے؟
جواب: ویڈیو میں موجود خاتون کا نام آرتی گنگوار ہے، جو اترپردیش کے ضلع پیلی بھیت کے گاؤں بھوڑا مگرسا کی رہائشی ہیں۔
سوال 3. کیا واقعی خاتون کی موت ہو گئی تھی؟
جواب:نہیں، ویڈیو میں دکھائی جانے والی خاتون زندہ ہیں۔ یہ منطر حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ ایک کنٹینٹ کے طور پر بنایا گیا تھا۔
سوال 4. اس ویڈیو پر پولس نے کیا کاروائی کی؟
جواب: پیلی بھیت پولس نے ویڈیو کو جعلی اور گمراہ کن قرار دیا اور متعلقہ تھانا کو ضروری کاروائی کی ہدایت دی۔
سوال 5. اس ویڈیو کو کس مقصد سے بنایا گیا تھا؟
جواب:یہ ویڈیو صرف سوشل میڈیا پر مواد کے لئے بنائی گئی تھی، تاکہ ناظرین کی توجہ حاصل کی جا سکے۔
Our Sources
X post by @patel_ashish01 on 05 Sept 2025
Facebook and Instagram posts
Telephonic Conversation with SHO Jahanabad Pilibhit, Pradeep Kumar