Newchecker.in is an independent fact-checking initiative of NC Media Networks Pvt. Ltd. We welcome our readers to send us claims to fact check. If you believe a story or statement deserves a fact check, or an error has been made with a published fact check
Contact Us: checkthis@newschecker.in
Fact Check
بھارتی چیف آف ایئر اسٹاف امر پریت سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
وائرل خط فرضی ہے، ایئر مارشل امر پریت سنگھ اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز، خصوصاً پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس کے ذریعے ایک خط بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل امر پریت سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وائرل خط کے مطابق مبینہ طور پر یہ استعفیٰ مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعے کے دوران 7 رافیل اور 1 تیجس طیارہ کھونے کے بعد دیا گیا۔
ایک فیس بُک صارف نے یہ خط شیئر کرتے ہوئے لکھا “دباؤ اتنا بڑھ گیا کہ آخرکار بھارتی فضائیہ کی چوٹی کی قیادت بھی جواب دے گئی۔ فضائی حادثے، کم تربیت یافتہ پائلٹس اور اپنی ہی غلطیوں میں الجھا ہوا دفاعی نظام، ان سب نے بھارتی ایئر چیف کو اس مقام تک پہنچا دیا جہاں استعفیٰ ہی آخری راستہ بچا تھا”۔

آرکائیو لنک یہاں اور یہاں دیکھیں۔
ہم نے سب سے پہلے وائرل خط میں موجود دستخط اورعبارت کا موازنہ سرکاری خطوط سے کیا تو نمایاں فرق سامنے آیا۔ وائرل خط میں سب سے نیچے کی جانب دستخط کے اوپر محض ”رِس پیکٹ فُلی” تحریر تھا، جبکہ سرکاری خطوط میں دستخط کے نیچے واضح طور پر ”اے۔ پی۔ سنگھ، ایئر چیف مارشل، چیف آف دی ایئر اسٹاف” درج ہے۔
الفاظ کے فونٹ، فارمیٹنگ اور دستخط کے انداز میں بھی فرق نظر آیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وائرل خط کسی سرکاری دستاویز سے مطابقت نہیں رکھتا۔

وائرل دعوے کی جانچ کے لئے ہم نے متعلقہ کیورڈز کے ذریعے متعدد ذرائع سے تلاش کی، مگر کسی بھی معتبر میڈیا ادارے میں فضائیہ کے سربراہ کے استعفے کا ذکر موجود نہیں تھا۔ اس نوعیت کی اہم خبر اگر واقعی درست ہوتی تو وہ یقیناً بڑے قومی و بین الاقوامی میڈیا کی سرخیوں میں شامل ہوتی۔
مزید تصدیق کے لئے جب ہم نے بھارتی فضائیہ کی آفیشل ویب سائٹ کھنگالی تو وہاں اب بھی ایئر چیف مارشل کے طور پر اے پی سنگھ ہی کا نام موجود ہے، جو اس بات کی واضح علامت ہے کہ وائرل خط مستند نہیں ہے۔

وائرل خط کے ریورس امیج سرچ کے دوران ہمیں پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے فیکٹ چیک یونٹ کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ بھی ملی، جس میں اس خط اور اس سے منسوب تمام دعوؤں کو سراسر جعلی قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں بھی ایئر مارش امر پریت سنگھ سے منسوب کرکے ایک فرضی لیٹر شیئر کیا گیا گیا تھا، جس سے متعلق فیکٹ چیک یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔
نیوز چیکر کی تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ سوشل میڈیا پر بھارتی ایئر چیف امر پریت سنگھ کے استعفے کا وائرل خط مکمل طور پر جعلی ہے۔ ایئر چیف مارشل کے عہدے پر اے پی سنگھ بدستور برقرار ہیں۔
سوال: کیا ایئر مارشل امر پریت سنگھ نے استعفیٰ دیا ہے؟
جواب: نہیں، بھارتی فضائیہ کی آفیشل ویب سائٹ پر وہ اب بھی منصب پر موجود ہیں۔
سوال: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا استعفیٰ خط کیا اصلی ہے؟
جواب: نہیں، وہ خط جعلی ہے۔سرکاری فیکٹ چیک یونٹ نے بھی اسے فرضی قرار دیا ہے۔
سوال: اس جعلی خط کا مقصد کیا ہوسکتا ہے؟
جواب: زیادہ تر ایسے خطوط پروپیگنڈا یا غلط اطلاعات پھیلانے کے لئے بنائے جاتے ہیں، تاکہ غلط فہمی اور سیاسی ہلچل پیدا ہو۔
Sources
Self Analysis
X post, PIB Fact Check, November 23, 2025