Newchecker.in is an independent fact-checking initiative of NC Media Networks Pvt. Ltd. We welcome our readers to send us claims to fact check. If you believe a story or statement deserves a fact check, or an error has been made with a published fact check
Contact Us: checkthis@newschecker.in
Fact Check
کرنل صوفیہ قریشی نے “ترشول مشقوں” کو بہار الیکشن سے جوڑا اور بھارتی فوج پر سیاسی اثرات کی بات کی۔
یہ ویڈیو ڈیپ فیک ہے، جسے اے آئی سے تیار کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی کو یہ کہتے ہوئے دکھایا جا رہا ہے کہ “ترشول مشقیں بہار کے الیکشن کو دھوکہ دینے کی سیاسی چال کے سوا کچھ نہیں۔ میں تنگ آ چکی ہوں کہ مجھے مسلمانوں کی حمایت کا پراپ بنایا جا رہا ہے، اور میں بھارتی فوج کے بھگوا رنگ میں رنگے جانے کو برداشت نہیں کر سکتی۔”
ویڈیو کے ساتھ صارفین یہ تاثر دے رہے ہیں کہ کرنل صوفیہ نے براہِ راست بھارتی ٹی وی پر فوج کے اندر سیاسی اثر و رسوخ کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ کئی پوسٹس میں لکھا گیا کہ “اب یونیفارم کے اندر سے بھی سچ کی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ یہ پروپیگنڈا نہیں، بلکہ نظم و ضبط کے درمیان سچ کی چیخ ہے۔”

سرکاری نیوز ایجنسی آکاشوانی اردو کی ایک رپورت کے مطابق بھاری مسلح افواج کی تینوں شاخوں کی مشترکہ فوجی مشق “ترشول” مغربی سرحد کے قریب جاری ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وائس ایڈمرل اے این پرمود نے بتایا کہ یہ مشق 13 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس میں فوج، بحریہ، فضائیہ کے علاوہ بی ایس ایف، کوسٹ گارڈ اور دیگر مرکزی ایجنسیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ اسی تناظر میں پاکستانی صارفین مذکورہ دعوے کے ساتھ کرنل صوفیہ قریشی کی ویڈیو شیئر کر رہے ہیں۔
آرکائیو لنک یہاں اور یہاں دیکھیں۔
ابتدائی تحقیق کے دوران ہمیں بھارتی حکومت کے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) فیکٹ چیک کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پوسٹ ملا، جس میں واضح طور پر بتایا گیا کہ وائرل ویڈیو ایک ڈیپ فیک ہے، جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔ پی آئی بی کے مطابق کرنل صوفیہ قریشی نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، اور یہ ویڈیو عوام میں سیاسی انتشار پھیلانے اور بھارتی مسلح افواج پر عدم اعتماد پیدا کرنے کے مقصد سے شیئر کی جا رہی ہے۔
تحقیق کے دوران کرنل صوفیہ کی اصل ویڈیو ہمیں نیوز ایجنسی اے این آئی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ملی، جو 31 اکتوبر 2025 کو اپلوڈ کی گئی تھی۔ مکمل ویڈیو کا تجزیہ کرنے پر واضح ہوا کہ کرنل صوفیہ قریشی نے کہیں بھی وہ جملے نہیں کہے جو وائرل ویڈیو میں سنائے جا رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو کے فریمز کا تقابلی جائزہ لینے پر کئی تضادات سامنے آئے۔ ہم نے پایا کہ وائرل ویڈیو میں کرنل صوفیہ کے ہونٹوں کی حرکت، آواز سے مطابقت نہیں رکھتی۔ اصل ویڈیو میں وہ وقفے وقفے سے میز پر دیکھتی ہیں، جبکہ وائرل کلپ میں وہ 42 سیکنڈ تک لگاتار کیمرے کی سمت دیکھتی رہیں۔ وائرل ویڈیو میں ان کے بالوں کا جوڑامختلف ہے۔ ان کے چند بال بکھرے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ اصل ویڈیو میں وہ قرینے سے بندھا ہوا ہے۔

اس دوران ہم نے وائرل ویڈیو کی آواز میں یکسانیت اور روبوٹ نما انداز پایا، جس سے مصنوعی تخلیق (سنتھیٹک جنریشن) کا شبہ ہوا۔ پھر ہم نے چند اے آئی ٹولز کی مدد لی۔ وائرل ویڈیو کو ہم نے کئی اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز پر چیک کیا۔ ہائیو ماڈریشن نے اس ویڈیو میں 99.8 فیصد اے آئی یا ڈیپ فیک ہونے کا امکان ظاہر کیا۔
وائس ڈیٹیکٹر نے ویڈیو میں استعمال کی گئی آواز کو 100 فیصد مصنوعی (اے آئی) قرار دیا۔ ایلیون لیبس اور ریزمبل اے آئی جیسے پلیٹ فارمز نے بھی ویڈیو کو سنتھیٹک میڈیا کی کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔ یہ تمام نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ وائرل کلپ حقیقی نہیں بلکہ اے آئی کے ذریعے تیار کردہ جعلی ویڈیو ہے۔
نیوز چیکر کی تحقیق سے یہ بات واضح ہوئی کہ کرنل صوفیہ قریشی کی متنازع ویڈیو ڈیپ فیک ہے۔ یہ ویڈیو اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی ہے، جسے عوام میں بھارتی فوج کے خلاف سیاسی تاثر اور بد اعتمادی پیدا کرنے کے لئے پھیلایا جا رہا ہے۔
سوال1: وائرل ویڈیو میں کرنل صوفیہ قریشی نے کیا کہا ہے؟
جواب: ویڈیو میں انہیں بھارتی فوج کی “ترشول مشقوں” کو سیاسی چال قرار دیتے اور فوج پر بھگوا اثرات کا الزام لگاتے دکھایا گیا ہے۔
سوال2: کیا کرنل صوفیہ قریشی نے واقعی یہ بیان دیا؟
جواب: نہیں۔ یہ ویڈیو جعلی ہے اور کرنل صوفیہ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
سوال3: یہ ویڈیو کہاں سے آئی؟
جواب: یہ ویڈیو اصل میں 31 اکتوبر 2025 کو اے این آئی کے یوٹیوب چینل پر شائع کلپ سے لی گئی اور بعد میں ڈیپ فیک تکنیک سے ایڈیٹ کی گئی۔
Sources
X post by PIB Fact Check (03 Nov 2025)
Video published by ANI YouTube (31 Oct 2025)
Self Analysis
AI Analysis: Hive Moderation, Voice Detector, Eleven Labs, Resemble AI tools