Newchecker.in is an independent fact-checking initiative of NC Media Networks Pvt. Ltd. We welcome our readers to send us claims to fact check. If you believe a story or statement deserves a fact check, or an error has been made with a published fact check
Contact Us: checkthis@newschecker.in
Fact Check
اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور سنجے دت نے حجاب معاملے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر تنقید کی۔
تینوں اداکاروں کی اصل ویڈیو میں مصنوعی آواز کا استعمال کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اداکار شاہ رخ، سلمان اور سنجے دت کی ویڈیوز بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے مسلمان خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے والے واقعے سے جوڑ کر شیئر کی جا رہی ہیں۔ ان ویڈیوز کو تینوں اداکاروں کے بیانات یا ردعمل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے تاکہ عوام میں یہ تاثر پھیلایا جا سکے کہ انہوں نے حجاب معاملے پر نتیش کمار کی تنقید کی ہے۔



پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار مسلمان خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچتے نظر آئے۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جبکہ وزیر صحت منگل پانڈے اور پرنسپل سیکریٹری دیپک کمار اس منظر پر ہنس رہے تھے۔ ڈی ڈبلیو کی ایک رپورٹ کے مطابق اس واقعے پر نتیش کمار کی ملک اور بیرون ممالک میں شدید تنقید ہو رہی ہے اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
سب سے پہلے ہم نے اداکار شاہ رخ خان کی ویڈیو کے ایک فریم کو گوگل لینس کے ذریعے تلاش کیا۔ اس دوران ہمیں 20 مارچ 2020 کو بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ ‘آئی ایم ایس آر کے’ پر ہوبہو ویڈیو ملی، جس میں وہ اپنے مداحوں سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ لہٰذا یہاں اس بات کا شبہ پیدا ہوا کہ اصل ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

اصل اور وائرل ویڈیو کا تجزیہ کرنے پر ہمیں کئی تضاد نظر آئے، خاص طور پر آواز اور ہونٹوں کی حرکت ایک دوسرے سے میل نہیں کھا رہی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصل ویڈیو میں آواز الگ سے شامل کی گئی ہے۔ اس کے بعد ہم نے اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز کا سہارا لیا۔
ہائیو ماڈریشن نے ویڈیو کے دو مختلف حصوں کا تجزیہ کیا، جس میں ایک حصے کے 86.3 فیصد اور دوسرے کے 88.1 فیصد تک اے آئی سے تیار یا ڈیپ فیک مواد ہونے کے امکانات ظاہر کئے۔


اوریجن اے آئی ڈیٹیکشن ٹول نے وائرل ویڈیو میں موجود شاہ رخ خان کے آڈیو کو 100 فیصد اے آئی سے تیار کردہ بتایا ہے۔

ریزیمبل اے آئی نے بھی شاہ رخ خان سے منسوب، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حجاب معاملے سے متعلق وائرل ویڈیو کے آڈیو کو جعلی قرار دیا ہے۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حجاب معاملے سے جوڑی گئی اداکار سلمان خان کی وائرل ویڈیو کے ایک فریم کو ریورس امیج سرچ کیا۔ اس دوران وہی ویڈیو سلمان خان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ملی، جس میں انہوں نے وہی ٹی شرٹ پہن رکھی ہے جو وائرل کلپ میں نظر آ رہی ہے۔ تاہم اس ویڈیو میں سلمان خان نہ تو نتیش کمار کا ذکر کر رہے ہیں اور نہ ہی حجاب سے متعلق کوئی بات، بلکہ وہ صرف مراٹھی زبان میں مہاراشٹر ڈے کی مبارکباد دے رہے ہیں۔
سلمان خان کی اسی ویڈیو کو ماضی میں بھی بابری مسجد سے جوڑ کر شیئر کیا جا چکا ہے، جسے نیوز چیکر نے رواں ماہ کی 12 تاریخ کو ڈی بنک کیا تھا۔ اس سے متعلق فیکٹ چیک یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔
سنجے دت والی وائرل ویڈیو کو بغور دیکھنے پر اس میں کئی بے ضابطگیاں نظر آئیں، خاص طور پر ویڈیو میں سنائی دینے والی آواز اداکار سنجے دت کے لبوں کی حرکات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ اس سے یہ شبہ پیدا ہوا کہ ویڈیو یا تو ایڈیٹ کی گئی ہے یا پھر اے آئی سے تیار کردہ ہو سکتی ہے۔ بعد ازاں ہم نے اس ویڈیو اور اس کے آڈیو کی متعدد اوپن اے آئی ٹولز کے ذریعے جانچ کی۔
اے آئی ڈیٹیکشن ویب سائٹ ہائیو ماڈریشن کے مطابق یہ ویڈیو 68.2 فیصد تک اے آئی سے تیار شدہ ہونے کا امکان ظاہر کیا۔

اوریجن اے آئی ٹول نے وائرل ویڈیو میں موجود آڈیو کو سو فیصد اے آئی سے تیار شدہ قرار دیا ہے۔

ریزیمبل نے بھی اپنے تجزیے میں وائرل ویڈیو میں موجود آڈیو کو جعلی قرار دیا ہے۔

اس کے بعد ہم نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ اصل میں سنجے دت کی یہ ویڈیو کس موقع کی ہے۔ پھر ہم نے وائرل ویڈیو کے ایک فریم کو گوگل لینس کی مدد سے تلاش کیا، اس دوران ہمیں 25 اگست 2019 کو مڈ ڈے کی شائع کردہ ایک رپورٹ ملی، جس میں یہی ویڈیو موجود تھی۔

مڈ ڈے کی رپورٹ کے مطابق اصل ویڈیو میں سنجے دت اپنی مراٹھی فلم ’بابا‘ کو ناظرین کی جانب سے ملنے والی محبت پر شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ یہ ویڈیو سنجے دت نے 8 اگست 2019 کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی۔
ہم نے وائرل دعوے کی مزید تصدیق کے لئے گوگل پربالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور سنجے دت کے نتیش کمار پر تنقید سے متعلق کیورڈز سرچ کئے، تاہم اس دعوے سے متعلق کوئی قابلِ اعتماد رپورٹ نہیں ملی۔ مزید برآں، تینوں اداکاروں کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لینے پر بھی ایسا کوئی ویڈیو نہیں ملا جس میں وہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر تنقید کر رہے ہوں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وائرل دعویٰ بے بنیاد ہے۔
اس طرح ہماری تحقیقات سے یہ واضح ہوا کہ نتیش کمار پر تنقید سے منسوب اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور سنجے دت کی وائرل ویڈیوز میں موجود آڈیو اے آئی کے ذریعے تیار شدہ ہے۔ لہٰذ وائرل ویڈیو کے ساتھ کیا گیا دعویٰ فرضی ہے۔
Sources
X post by Shah Rukh Khan on 20 March 2020
Insta Post by Salman Khan on 02 May 2025
Insta Post by Sanjay Dutt on 08 Aug 2019
Hive Moderation AI tool
Aurigin AI tool
Resemble AI tool
Self Analysis
Mohammed Zakariya
December 18, 2025
Mohammed Zakariya
August 20, 2020