Authors
Claim
دہلی کے چوڑی والا میں موجود مسجد سنگ مرمر کو پولس اہلکاروں اور آر ایس ایس کے لوگوں نے شہید کردیا ہے۔
Fact
دہلی کے چوڑی والا میں موجود مسجد سنگ مرمر کی بنیاد کمزور تھی، جس کی وجہ سے مسجد قدرتی طور پر منہدم ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خوب گردش کر رہی ہے، جس میں ایک مسجد منہدم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے اور دور کھڑے لوگ منہدم ہو رہی مسجد کی ویڈیو بنا رہے ہیں اور وہاں موجود پولس اہلکار لوگوں کو حادثے کی جگہ سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں۔ صارفین کا دعویٰ ہے کہ اس مسجد کو بھارتی پولس اور راشٹریہ سوئم سیوک (آر ایس ایس) کے لوگوں نے رواں ماہ کی 18 تاریخ کو منہدم کردیا۔
ایک فیس بک صارف نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ “آج دہلی میں مشہور سنگ مرمر کی مسجد کو بھارتی پولیس اور آر ایس ایس کے لوگو نے شہید کر دیا۔ مودی دورِ حکومت بھارتی مسلمانوں کے لئے کٹہن ترین بن گیا”۔
آرکائیو لنک یہاں، یہاں اور یہاں دیکھیں۔
Fact Check/Verification
وائرل ویڈیو کے ساتھ کئے گئے دعوے سے متعلق ہم نے گوگل پر “دہلی، چوڑی والا، سنگ مرمر مسجد، ڈیمولش، آر ایس ایس” کیورڈ سرچ کیا۔ لیکن ہمیں ایسی کوئی میڈیا رپورٹ موصول نہیں ہوئی، جس میں لکھا ہو کہ دہلی کے چوڑی والا میں موجود مسجد سنگ مرمر کو آر ایس ایس کے لوگوں نے منہدم کیا ہے۔ البتہ ای ٹی وی بھارت اردو کی 17 جون کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ موصول ہوئی۔
جس میں لکھا ہے کہ ” پرانی دہلی کے چوڑی والا علاقے میں آج عید الاضحیٰ کے دن ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ جہاں سڑک کے دھنسنے کی وجہ سے ایک مسجد اچانک منہدم ہو گئی۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ مسجد سے دور کھڑے ہو کر اس کی ویڈیو بنا رہے ہوتے ہیں کی اس دوران اچانک مسجد گر جاتی ہے جس سے موقع پر افراتفری مچ جاتی ہے۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے”۔
مذکورہ رپورٹ سے واضح ہوا کہ مسجد سڑک دھنسنے کی وجہ سے منہدم ہوئی ہے۔ مزید سرچ کے دوران ہمیں وائرل ویڈیو سے متعلق رواں ماہ کی 18 تاریخ کو شائع ہونے والی انڈین ایکس پریس اور ٹائمس آف انڈیا کی بھی رپورٹ موصول ہوئیں۔ ان رپورٹس میں سرکاری حکام و مقامی لیڈروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ مسجد سنگ مرمر کمزور بنیاد کی وجہ سے منہدم ہوئی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے دن 17 جون کو 11 بجے سے مسجد دھنسنا شروع ہوگئی تھی، جس کے بعد مقامی لیڈروں اور سرکاری حکام کی مدد سے آس پاس کی عمارتوں کو خالی کروا لیا گیا تھا۔ اس حادثے میں کسی بھی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تقریباً 2 بجے پوری مسجد مہندم ہوگئی۔ ان رپورٹس میں کہیں بھی فرقہ وارانہ زاویہ کا ذکر نہیں ہے۔
اس حوالے سے دہلی کے سیتا رام بازار کی عاپ کونسلر رافعہ ماہر اور نائب کونسلر عالے محمد اقبال نے بھی اپنے سوشل میڈیا پر واضح کیا ہے کہ دہلی کے چوڑی والا میں موجود مسجد سنگ مرمر کی بنیاد کافی کمزور ہونے کی وجہ سے منہدم ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاملی قتل معاملے کی ویڈیو کو مرادآباد میں ہوئے مسجد کے امام کے قتل سے منسوب کرکے کیا جا رہا ہے شیئر
Conclusion
لہٰذا تحقیقات سے ملے شواہد سے یہ ثابت ہوا کہ دہلی کے چوڑی والا میں موجود مسجد سنگ مرمر کی بنیاد کمزور تھی، جس کی وجہ سے مسجد قدرتی طورپر منہدم ہوئی ہے۔ اس معاملے میں کسی بھی طرح کا مذہبی رنگ نہیں ہے۔
Result: Partly False
Sources
Reports published by ETV Bharat Urdu, Times of India and The Indian Express on 18 Jun 2024
Facebook post by Rafia Mahir and Aley Muhammad Iqbal on
نوٹ: کسی بھی مشتبہ خبر کی تحقیق، ترمیم یا دیگر تجاویز کے لئے ہمیں واہٹس ایپ نمبر 9999499044 پر آپ اپنی رائے ارسال کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ہمارے واہٹس ایپ چینل کو بھی فالو کریں۔