Authors
Claim
اڈیشہ ٹرین حادثے کی سی سی ٹی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔
Fact
وائرل سی سی ٹی وی فوٹیج 2019 میں حیدرآباد میں ہوئے ٹرین حادثے کی ہے، جہاں لوکل ٹرین اور ہنڈری ایکسپریس آمنے سامنے ٹکرا گئی تھی۔
اڈیشہ کے بالاسور میں 2 جون کو تین ٹرینوں کے ٹکرا جانے سے بڑا حادثہ پیش آیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں تین سو کے قریب افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جبکہ 900 سے زائد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ حادثے کی وجہ سے 100 سے زائد ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔
اب اسی کے پیش نظر سوشل میڈیا پر طرح طرح کی ویڈیو اور تصاویر کو حالیہ ٹرین حادثے سے منسوب کرکے شیئر کیا جا رہا ہے۔ اس بیچ ایک سی سی ٹی وی فوٹیج پاکستانی صارفین کی جانب سے شیئر کی جا رہی ہے۔ جس میں دو ٹرینوں کو آپس میں ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں وائس آف امریکہ کا لوگو بھی نظر آرہا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 2 جون کو اڈیشہ کے بالاسور میں ہوئے ٹرین حادثے کا سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگیا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ ایک فیس بک صارف نے کیپشن میں لکھا ہے کہ “بھارت میں ٹرین حادثے کی فوٹیج منظر عام پر آگئی، نئی دہلی:ٹرین حادثے میں280 افراد ہلاک، 900 سے زائد زخمی، بھارتی میڈیا”۔
Fact Check/Verification
وائرل ویڈیو کے ایک فریم کو ہم نے گوگل ریورس امیج سرچ کیا۔ جہاں ہمیں وائرل سی سی ٹی وی کے ساتھ 12 نومبر 2019 کو شائع شدہ ٹائمس آف انڈیا اور ایکنامک ٹائمس کی رپورٹس ملیں۔ جس میں اس سی سی ٹی وی فوٹیج کو حیدرآباد کے کچی گوڈا ریلوے اسٹیشن کا بتایا گیا ہے۔ یہ حادثہ حیدرآباد میں ایک لوکل ٹرین اور ہنڈری ایکسپریس کے آپس میں سامنے سے ٹکرا جانے کی ہے۔
پھر ہم نے یوٹیوب پر “حیدرآباد، کچی گوڈ، ا ٹرین حادثہ، سی سی ٹی وی، وائس آف امریکہ” انگلش میں سرچ کیا۔ جہاں ہمیں وہی ویڈیو ملی، جسے سوشل میڈیا پر حالیہ اڈیشہ کے بالاسور میں ہوئے ٹرین حادثہ کا بتاکر شیئر کیا جا رہا ہے۔ 12 نومبر 2019 کے وائس آف امریکہ کی ویڈیو رپورٹ میں بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کو حیدرآباد ٹرین حادثے کا بتایا گیا ہے۔
مزید سرچ کرنے پر ہمیں سرکاری ویب سائٹ پریس انفارمیشن بیورو پر بھی حیدر آباد ٹرین حادثے سے متعلق ایک پریس ریلیز ملا۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ لوکل ٹرین فلک نما (ایم ایم ٹی ایس) اور 17028 کرنول سٹی- سکیندرآباد ہنڈری ایکسپریس صبح ساڑھے دس بجے 11 نومبر 2019 کو کچی گوڈا ریلوے اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ جس میں تقریبا 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہاں یہ واضح ہو چکا کہ وائرل ویڈیو پرانی ہے اور اس کا حالیہ اڈیشہ میں ہوئے بھیانک ریل حادثے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غریب بچوں کے سامنے کھانا کھارہی گریٹا تھنبرگ کی یہ تصویر اصلی نہیں ہے
Conclusion
اس طرح ہماری تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ وائرل سی سی ٹی وی فوٹیج حالیہ اڈیشہ ٹرین حادثے کی نہیں ہے، بلکہ یہ فوٹیج 2019 میں حیدرآباد میں ہوئے ٹرین حادثے کی ہے، جہاں لوکل ٹرین اور ہنڈری ایکسپریس آپس میں آمنے سامنے ٹکرا گئی تھی۔
Result: False
Our Sources
Reports published by Times of India, The Economic Times and Voice Of America on 12 Nov 2019
PIB Hyderabad Train accident related Press release
نوٹ: کسی بھی مشتبہ خبر کی تحقیق، ترمیم یا دیگر تجاویز کے لئے ہمیں واہٹس ایپ نمبر 9999499044 پر آپ اپنی رائے ارسال کرسکتے ہیں۔