Fact Check
Weekly Wrap: سڈنی حملہ، بہار حجاب معاملہ، اویسی و دیگر گمراہ کن ویڈیوز پر مبنی 5 مختصر فیکٹ چیک ملاحظہ کریں
اس ہفتے سوشل میڈیا پر متعدد گمراہ کن ویڈیوز اور اے آئی سے تیار شدہ کلپس وائرل ہوئے، جن میں عوامی شخصیات اور حساس واقعات سے متعلق جھوٹے دعوے کئے گئے۔ ان میں این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل ویرندر وتس سے پاکستانی ڈرونز کے دہلی اور گجرات تک پہنچنے کے اعتراف کا دعویٰ، اسدالدین اویسی اور پالکی شرما سے منسوب سڈنی حملے کے حملہ آوروں سے متعلق بیان، سابق آرمی چیف وی پی ملک کے ذریعے رافیل اور ایس-400 کی تباہی کے اعتراف کی ویڈیو، نتیش کمار کے حجاب معاملے سے جوڑ کر ایک ہندو خاتون کی مبینہ تنقید، اور شاہ رخ خان، سلمان خان و سنجے دت کے نام سے حجاب معاملے پر دیئے گئے بیان شامل ہیں۔ ان وائرل دعوؤں کی حقیقت جاننے کے لئے اس ہفتے کے مختصر فیکٹ چیک درج ذیل میں ملاحظہ کریں۔

کیا این سی سی ڈی جی نے پاکستانی ڈرونز کے دہلی اور گجرات تک پہنچنے کی بات کہی؟
اس ہفتے این سی سی کے ڈائریکٹر ویرندر وتس سے منسوب ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے مئی 2025 میں پاکستانی ڈرونز کے دہلی اور گجرات تک پہنچنے کی بات کہی ہے۔ تاہم تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ وائرل کلپ ڈیپ فیک ہے۔ اصل ویڈیو میں ویرندر وتس این سی سی کے مستقبل، ڈرون ٹیکنالوجی کے تعلیمی استعمال اور نوجوانوں کی تربیت سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔ مکمل فیکٹ چیک یہاں پڑھیں۔

سڈنی حملہ پر پالکی شرما اور اسدالدین اویسی کے نام سے اے آئی ویڈیو وائرل
اے آئی ایم آئی ایم صدر اسدالدین اویسی سے منسوب ایک ویڈیو اس ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے سڈنی میں ہونے والے حملے کے مبینہ حملہ آوروں کا تعلق اترپردیش سے بتایا ہے۔ تاہم تحقیق سے واضح ہوا کہ وائرل ویڈیو مصنوعی طور پر تیار کی گئی ہے۔ اصل بیان میں اویسی نے سڈنی حملے میں ملوث افراد کے حوالے سے اترپردیش کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا۔ مکمل فیکٹ چیک یہاں پڑھیں۔

رافیل اور ایس-400 سے متعلق سابق آرمی چیف وی پی ملک سے منسوب فرضی ویڈیو وائرل
سابق بھارتی آرمی چیف جنرل وی پی ملک سے منسوب ایک ویڈیو کے ساتھ یہ دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے رافیل اور ایس-400 کی تباہی کا اعتراف کیا ہے۔ تاہم تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ وائرل ویڈیو میں جنرل وی پی ملک کی آواز مصنوعی ذہانت کی مدد سے تبدیل کی گئی ہے۔ اصل ویڈیو میں انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ مکمل فیکٹ چیک یہاں پڑھیں۔

نتیش کمار کے حجاب معاملے سے جوڑ کر شاہ رخ، سلمان اور سنجے دت کی اے آئی ویڈیوز وائرل
اس ہفتے سوشل میڈیا پر تین مختلف ویڈیوز وائرل ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور سنجے دت نے حجاب کے معاملے پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر تنقید کی ہے۔ تاہم تحقیق سے معلوم ہوا کہ وائرل کلپس میں تینوں اداکاروں کی اصل ویڈیوز پر مصنوعی آواز کا استعمال کیا گیا ہے۔ اصل ویڈیوز کا حجاب معاملے یا نتیش کمار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مکمل فیکٹ چیک یہاں پڑھیں۔

کیا ہندو خاتون نے نتیش کمار کے حجاب معاملے پر مودی اور نتیش سرکار پر تنقید کی؟
اسی ہفتے ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں ایک ہندو خاتون کو بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حجاب سے متعلق مبینہ معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور سی ایم نیتیش کمار پر تنقید کرتے دکھایا گیا۔ تاہم تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ وائرل ویڈیو حالیہ نہیں بلکہ دسمبر 2019 کی ہے، جس میں راکھی برلا دہلی اسمبلی میں خواتین کی حفاظت کے موضوع پر خطاب کر رہی ہیں۔ مکمل فیکٹ چیک یہاں پڑھیں۔